مقامی ۹ جولائی ۲۰۲۶

مانگی ڈیم سانحے کے شہدا سے اظہارِ یکجہتی، سنجاوی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال

سنجاوی (ویب نیوز) ضلع زیارت کے علاقے مانگی ڈیم میں شدت پسندوں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کے خلاف مرکزی انجمن تاجران سنجاوی کی اپیل پر آج سنجاوی بازار میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران تمام کاروباری مراکز، دکانیں، بینک، نجی تعلیمی ادارے اور دیگر تجارتی سرگرمیاں بند رہیں۔ انجمن تاجران کے مطابق ہڑتال کا مقصد شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا، ان کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرنا اور دہشت گردی کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کرانا تھا۔ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں نے بھی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں اور تاجروں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔