اوتھل (ویب نیوز)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار (بی یو ای ٹی) کے درمیان بلوچستان واٹر ریسورسز پروگرام کے تحت آبی وسائل کے مؤثر انتظام، پائیدار استعمال، تحقیق اور ماحولیاتی تحفظ کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر لسبیلہ یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر عبدالحمید بلوچ اور بی یو ای ٹی خضدار کی جانب سے ڈاکٹر انجینئر شکیل احمد نے دستخط کیے۔ تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر بالاچ رشید، ڈاکٹر نصراللہ بنگلزئی، ڈاکٹر ندیم نواز اور ڈاکٹر نجیب اللہ مری سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبوں، سیمینارز، ورکشاپس، تربیتی پروگراموں، اساتذہ و طلبہ کی استعداد کار، واٹر نالج کارنرز کے قیام اور آبی وسائل کے پائیدار انتظام کے لیے مل کر کام کریں گی۔ شرکاء نے اس اقدام کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین کے وژن کے مطابق بین الجامعاتی تعاون اور معیاری تحقیق کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
