کوئٹہ (ویب نیوز)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے بلوچستان میں قومی شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی بدامنی، مال بردار ٹرکوں اور ٹرالروں کو نذرِ آتش کرنے اور فائرنگ کے مسلسل واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی بیان میں چیمبر آف کامرس، ٹرانسپورٹرز اور صنعت کاروں کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی شاہراہیں غیر محفوظ ہونے کے باعث تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور صوبے کی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ مال بردار گاڑیوں پر حملوں، ٹرکوں کو جلانے اور ڈرائیورز و عملے کو نشانہ بنانے کے واقعات نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ اے این پی کے مطابق زمیندار، تاجر، صنعت کار اور ٹرانسپورٹرز روزانہ کی بنیاد پر بڑے مالی نقصانات برداشت کر رہے ہیں جبکہ اشیائے خورونوش اور تجارتی سامان کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔ پارٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں کی سیکیورٹی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور بدامنی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، بصورت دیگر سنگین معاشی اور سماجی نتائج کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
