قلعہ عبداللہ (ویب نیوز)ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علیزئی میں نامعلوم افراد نے پولیس چوکی کے قریب دستی بم پھینکا اور واقعے کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دستی بم زوردار دھماکے سے پھٹا، تاہم خوش قسمتی سے حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی مالی نقصان کی اطلاع ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
