کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) عیدِ الضحی کی آمد اور قربانیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی محکمہ لائیو اسٹاک بلوچستان کی ایک بڑی “قربانی” سامنے آئی ہے، جہاں کوئٹہ مسلخ کے سرکاری فارم سے 400 قیمتی دنبے راتوں رات پراسرار طور پر غائب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، محکمہ لائیو اسٹاک کے حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نامعلوم شرپسند عناصر سیکیورٹی اور انتظامیہ کی موجودگی کے باوجود فارم سے معصوم جانوروں کا پورا ریوڑ ہانک کر اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ عید کے اس پرمسرت موقع پر چوری کی اس اتنی بڑی اور انوکھی واردات نے محکمہ لائیو اسٹاک کی سیکیورٹی اور انتظامات پر کئی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔سرکاری فارم سے اتنی بڑی تعداد میں دنبوں کا غائب ہونا کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، جس کے باعث اب اس پراسرار اور مبینہ واقعے کی اعلی سطح پر تحقیقات انتہائی ناگزیر ہو چکی ہے۔ عوامی و متعلقہ حلقوں نے صوبائی حکومت اور اعلی حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ایک اعلی اختیاراتی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ یہ پتا لگایا جا سکے کہ اس چوری میں فارم کا اندرونی عملہ ملوث ہے یا یہ سیکیورٹی کی نااہلی ہے، اور ملزمان کو گرفتار کر کے سرکاری مال برآمد کیا جا سکے۔
