کوئٹہ (ویب نیوز)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ ظلم اور امتیازی سلوک کے مترادف ہے جس کا فوری نوٹس لینا کیسکو اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ، پشین، زیارت، سبی، ہرنائی، دکی، موسیٰ خیل، لورالائی، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن اور دیگر اضلاع میں بجلی کی مسلسل بندش اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بیان کے مطابق بجلی کی آنکھ مچولی دن رات جاری ہے جس سے گھریلو امور، کاروبار اور طلبہ کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بعض علاقوں میں جان بوجھ کر ٹرانسفارمرز کی خرابیوں کو بروقت درست نہیں کیا جاتا اور شکایتی نظام بھی غیر فعال ہے۔ مزید کہا گیا کہ چند مخصوص علاقوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی جبکہ باقی آبادیوں کو شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔ پشتونخوا میپ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور کیسکو فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں، خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کریں اور شکایتی نظام کو فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
