کوئٹہ(یو این اے )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں حالیہ سمارٹ لاک ڈان پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عید کے موقع پر صوبے بھر کی مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سینٹرز کو بند کرنے کا فیصلہ تاجر برادری کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ عید کے ایام میں تاجر برادری پورے سال کی امیدیں وابستہ کرتی ہے اور انہی دنوں میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں، مگر حکومت نے بلاجواز لاک ڈان نافذ کر کے چھوٹے تاجروں، دکانداروں اور مزدور طبقے کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جنگ کو جواز بنا کر کاروبار بند کرنا لمحہ فکریہ ہے، کیونکہ جن ممالک میں براہِ راست جنگی صورتحال موجود ہے، وہاں بھی معمولاتِ زندگی معطل نہیں کیے گئے۔ ایران سمیت دیگر ہمسایہ و خلیجی ممالک جو اس صورتحال سے براہِ راست متاثر ہیں، وہاں بھی کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، جبکہ یہاں حکومت نے خوف و ہراس پیدا کر کے تاجروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور ٹیکسوں نے عوام اور تاجروں کی کمر توڑ دی ہے؛ ایسے حالات میں مارکیٹیں بند کرنا ہزاروں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت زمینی حقائق کو مدنظر رکھنے کے بجائے ایسے فیصلے کر رہی ہے جن سے معیشت مزید تباہی کی طرف جا رہی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ تاجروں، مزدوروں اور عام عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہی ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی پارٹی تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اے این پی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر لاک ڈان کا فیصلہ واپس لے کر مارکیٹیں اور شاپنگ سینٹرز کھولے تاکہ عید کے موقع پر کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔ معاشی بحرانوں کا حل کاروبار بند کرنا نہیں بلکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
