مقامی ۱۳ مئی ۲۰۲۶

عیدالضحیٰ کے تیسرے دن چمن ہائی سکول گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ عام صبح 9بجے منعقد کیا جائے گا

اسلام آباد (صداقت انٹرنیشنل ویب نیوز )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عیدالضحیٰ کے تیسرے دن چمن ہائی سکول گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ عام صبح 9بجے منعقد کیا جائے گا۔ جلسہ عام سے پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ملک کے جمہوری صف کے عظیم رہنماء محمود خان اچکزئی اور پارٹی کے مرکزی وصوبائی قائدین خطاب فرمائینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 8فروری کی زر اور زور کی مسلط حکومت اور اس کے نام نہاد پارلیمنٹ سے آئین کے بنیادوں پر حملہ، عدلیہ کے پر کاٹنے،پیکا ایکٹ کے تحت میڈیا کا گلہ گھونٹنے،مائنز ومنرل کے سیاہ قانون،27,26غیر آئینی غیر قانونی وغیر جمہوری ترامیم کے بعد اب 28ویں آئینی ترمیم کی سازش جاری ہے اسی طرح ملک پر سخت ترین مہنگائی مسلط کرنے کاکام لیا گیا اور بدترین بیروزگاری نے عوام کو جینا دو بھر کردیا ہے۔ گیس، بجلی، تعلیم اور صحت کا خاتمہ کرنے کے ساتھ حکومت کے پروردہ اور ایجنسیوں کے کارڈ ہولڈرز کے ذریعے بدامنی اور چوری، ڈکیتی کی وارداتیں سرعام جاری ہیں۔ صرف یہی نہیں دہشت گردی کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہاہے۔ اس کے علاوہ سیٹلمنٹ کے نام پر قبیلوں کو دست وگریباں کرنے اور ان کے جنگلات، زرعی زمینوں، معدنی خزانوں پر قبضے جاری ہیں۔ دوسری جانب پشتون وطن کے باسیوں پر رزق کے دروازے بند کیئے جارہے ہیں اور عوام کے قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں اپنے عروج پر ہیں۔ خطے کی صورتحال روز بروز بگڑ رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جلسہ عام میں پاکستان اور افغانستان کے کشیدہ صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر بات ہوگی۔ چمن کے محب وطن قوم دوست سیاسی جمہوری عوام اور سیاسی جمہوری قوتوں سے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔ بیان میں پارٹی کے چمن کے کارکنوں، بہی خواہوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ گھر گھر جاکر عوام کو جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دیں اور اسی طرح جلسہ عام کی تیاری اورکامیابی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گے۔