کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی کے رکن شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی، امن اور عوامی خوشحالی کے لیے منظم حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں اور حکومت عوام کے دیرینہ مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے وفود نے انہیں اپنے علاقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، پینے کے پانی، تعلیم اور مقامی سڑکوں کی خراب صورتحال سے آگاہ کیا۔ شیخ زرک خان مندوخیل نے وفود کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی مشکلات کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی کے عمل میں شامل کرنا حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور ترجیح یہ ہے کہ بلوچستان کے ہر شہری کو بنیادی سہولیات اس کی دہلیز تک فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح اور علاقائی ترقی ان کی خصوصی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود مختلف علاقوں کے دورے کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیتے اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ صوبے میں شفافیت، اچھی حکمرانی اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی کے لیے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔ شیخ زرک خان مندوخیل نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر اپنی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے اور اپنی سیاسی و انتظامی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ ادا کریں گے۔
