کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور بلوچستان اسمبلی کے رکن حاجی محمد خان طور اتمان خیل نے کہا ہے کہ بلوچستان ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہورہا ہے اور حکومت ترجیحات کی بنیاد پر عملی اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کے عملی اقدامات اور عوام کے اعتماد سے وابستہ ہے، اسی لیے حکومتی پالیسیاں عوام کی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی آواز حکومتی فیصلوں کی اصل رہنما ہے اور حکومت بلوچستان کو ترقی، شفافیت اور امن کا مضبوط مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے مسائل صرف دفاتر اور فائلوں میں نہیں بلکہ عوام کے درمیان جاکر ان کی مشکلات سننے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے سے حل ہوں گے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور مؤثر احتساب کے لیے نیا نظام بھی متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ ہر سطح پر خدمات اور امور کی بہتری یقینی بنائی جاسکے۔ حاجی محمد خان طور اتمان خیل نے کہا کہ صوبے کی اصل طاقت عوام ہیں اور مستقبل کے فیصلے بھی عوام کی ضروریات، مطالبات اور آواز کی روشنی میں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف وہی ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے جو عوام کی زندگی میں حقیقی اور مثبت تبدیلی لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور جدید صوبے میں تبدیل کرنا ان کا مشن ہے اور اگر عوامی حمایت جاری رہی تو طویل عرصے سے درکار دیرپا تبدیلی ضرور لائی جائے گی۔
