کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے کے تمام اضلاع کے سرکاری اسپتالوں و مراکز صحت میں طبی سہولیات بہتر بنانے، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں و طبی عملے کی موجودگی اور عوام کو بروقت علاج کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت شعبہ صحت کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مستقل حل کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اسی مقصد کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح کے اسپتالوں کو مزید فعال اور بہتر بنایا جارہا ہے۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو بہتر ماحول، ضروری طبی آلات، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جبکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام کو اسپتالوں کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی باقاعدگی سے نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بلوچستان وسیع جغرافیائی رقبے کے باعث دور دراز علاقوں تک صحت کی سہولیات پہنچانے کے حوالے سے ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ بنیادی مراکز صحت کو فعال بنانے کے ساتھ ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں علاج کی سہولیات بھی بہتر کی جارہی ہیں تاکہ معمولی علاج کے لیے لوگوں کو بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق صحت کی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اسپتالوں میں جدید طبی آلات کی فراہمی، تشخیصی سہولیات میں اضافے اور طبی خدمات کا معیار بلند کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور اسپتال انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ مضبوط اور ترقی یافتہ بلوچستان کی بنیاد ہے، اس لیے شعبہ صحت میں اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا اور حکومت عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔
