مقامی ۲۴ اگست ۲۰۲۶

عوامی مسائل کا حل موجودہ حکومت کی ترجیح ہے؛ میر شعیب نوشیروانی

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پورے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کرکے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام مایوس نہ ہوں کیونکہ موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ بلوچستان ترقی کرے، امن و امان بحال ہو اور خوشحالی واپس آئے، جو اس وقت ممکن ہے جب سب مل کر یہ عہد کریں کہ ملک اور صوبہ ہمارا ہے اور ہم اس کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض معاملات میں منتخب نمائندوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور اجتماعی مفادات کو نظر انداز کیا، جس کے باعث آج بھی کئی اضلاع میں عوام کی شکایات برقرار ہیں اور ترقیاتی کاموں کی رفتار انتہائی کم ہے۔ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کرے گی اور اس خطے کو وہ مقام دلانے کی کوشش کرے گی جس کی عوام خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے نمائندے ہیں اور ہر فورم پر عوام کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔