صحبت پور: تحصیل سعید خان کے علاقے گاؤں غلام محمد کنرانی میں گھر کی دیوار گرنے کے افسوسناک واقعے میں 12 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کی بہن زخمی ہو گئی۔ پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق بابر کنرانی کے گھر کی دیوار اچانک منہدم ہونے سے دونوں بچے ملبے تلے دب گئے۔ واقعے میں لڑکا موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمی بچی کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت دونوں بچے دیوار کے سائے میں کھیل رہے تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور اہل علاقہ نے متاثرہ خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
