مقامی ۲۴ اگست ۲۰۲۶

صحبت پور میں صحافیوں کا احتجاج، شہید صحافی کے قاتلوں کی گرفتاری اور صحت کے معاملات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ

فرید آباد (ویب نیوز) صحبت پور صحافی اتحاد کی جانب سے ضلعی پریس کلب کے سامنے پُرامن احتجاج اور ریلی نکالی گئی، جس میں صحبت پور کے صحافیوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے شہید صحافی حاجی نظر علی کنرانی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری، صحبت پور کے ڈی ایچ او کو عہدے سے ہٹانے، ہیپاٹائٹس کی ادویات کی مبینہ فروخت کے معاملے کی شفاف تحقیقات اور صحافیوں کے خلاف مبینہ جھوٹی ایف آئی آر کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہید صحافی حاجی نظر علی کنرانی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری، ڈی ایچ او کو ہٹانے، محکمہ صحت کے تحفظ، ہیپاٹائٹس کی ادویات کی مبینہ فروخت کی شفاف تحقیقات اور جھوٹے مقدمات کے ذریعے صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ روکنے کے مطالبات درج تھے۔ صحافی اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ شہید صحافی حاجی نظر علی کنرانی کے قتل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے حوالے کیا جائے تاکہ شہید صحافی کے خاندان اور صحافی برادری کو انصاف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ مظاہرین نے صحبت پور کے ڈی ایچ او کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت سے متعلق سامنے آنے والے مسائل، خصوصاً ہیپاٹائٹس کی ادویات کی مبینہ فروخت کے معاملے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر کوئی ذمہ دار ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ صحافی اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ صحافی عوامی مسائل اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کی بنیادی صحافتی ذمہ داری انجام دیتے ہیں، اس لیے صحافیوں اور سماجی کارکنوں کے خلاف مبینہ جھوٹے مقدمات کے ذریعے دباؤ ڈالنے یا ہراساں کرنے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، محکمہ صحت کے صوبائی سیکرٹری، آئی جی بلوچستان، ڈی آئی جی نصیرآباد، کمشنر نصیرآباد ڈویژن، ڈپٹی کمشنر صحبت پور اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہید صحافی کے قاتلوں کی گرفتاری، ڈی ایچ او کو ہٹانے، ہیپاٹائٹس کی ادویات کی مبینہ فروخت کی شفاف تحقیقات اور صحافیوں کے خلاف مبینہ جھوٹی ایف آئی آر کے معاملے پر فوری اقدامات کیے جائیں۔