مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

صحافی، ادیب اور شعرا نے حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کا اعلان

بلوچستان کے صحافیوں، ادیبوں اور شعرا نے عوامی مسائل، ثقافتی ورثے اور زمینی حقائق کو ذمہ دارانہ انداز میں قومی سطح پر اجاگر کرنے اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ بلوچستان میڈیا فورم کے صدر قیوم بلوچ اور ان کے رفقا کے اعزاز میں بلوچستان رائٹرز گلڈ (برگ) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اہلِ قلم نے ہمیشہ معاشرے میں شعور، امن اور رواداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، تاہم آج وہ معاشی مشکلات، بے روزگاری، کتابوں کی اشاعت میں رکاوٹوں، ادبی سرگرمیوں کے فقدان اور پرنٹ میڈیا کو درپیش مالی بحران جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقررین نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کے استحکام کے لیے مؤثر میڈیا پالیسی مرتب کی جائے، اخبارات کے جائز حقوق یقینی بنائے جائیں، ادیبوں اور شعرا کی سرپرستی کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے اور ادبی میلوں، مشاعروں اور کتابوں کی اشاعت کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے۔ تقریب میں بلوچستان میڈیا فورم اور بلوچستان رائٹرز گلڈ کے درمیان صحافت، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا، جبکہ آخر میں اعزازی شیلڈز اور نئی تصانیف تقسیم کی گئیں۔