چمن (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع چمن کے ضلعی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں ڈیورنڈ لائن پر مبینہ فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد میروائس خان اچکزئی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق اور آئینی اصولوں کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس واقعے پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سیکیورٹی کے لیے تعینات فورسز کی جانب سے عام شہریوں کے جانی نقصان کے واقعات تشویشناک ہیں۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ سرحدی علاقوں میں فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ شہری متاثر ہو رہے ہیں جبکہ عوام کو چیک پوسٹوں پر مشکلات کا سامنا ہے۔ بیان میں انسانی حقوق کی تنظیموں، حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
