مقامی ۹ جون ۲۰۲۶

سینئر صحافی لالا اسرافیل کا بہیمانہ قتل صحافتی برادری کے لیے بڑا سانحہ اور ناقابلِ برداشت ہے، ریجنل یونین آف جرنلسٹ

بولان (ویب نیوز)ریجنل یونین آف جرنلسٹس بلوچستان نے موسی خیل کے سینئر صحافی لالا اسرافیل کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور صحافتی برادری کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیا ہے۔ ریجنل یونین آف جرنلسٹس بلوچستان کے صوبائی صدر سید طاہر علی شاہ، جنرل سیکرٹری رئیس فرحان جمالی اور کابینہ کے دیگر عہدیداران نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزاد اور ذمہ دار صحافت کا تصور ممکن نہیں ہے؛ لالا اسرافیل کا قتل دراصل سچائی کی آواز کو دبانے کی ایک بزدلانہ کوشش ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقتول صحافی کی المناک موت نے نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ پورے ملک کے صحافتی حلقوں کو شدید سوگوار کر دیا ہے۔صوبائی قیادت نے اپنے شدید مذمتی بیان میں واضح کیا کہ ایک ایسے وقت میں جب صحافی اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور سچائی کو سامنے لانے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں، اس قسم کے لرزہ خیز اور گھنانے واقعات کا رونما ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ریجنل یونین آف جرنلسٹس نے وزیر اعلی بلوچستان، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اعلی اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر پسِ پردہ محرکات اور ذمہ دار عناصر کو بے نقاب کیا جائے، اور ملوث سفاک قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ صوبے بھر میں فرائض کی ادائیگی میں مصروف صحافی برادری کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ بیان کے آخر میں یونین کے عہدیداروں نے شہید صحافی لالا اسرافیل کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل اور غم کی گھڑی میں پوری صحافتی برادری سوگوار خاندان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انصاف کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔