مقامی ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت پر اظہارِ افسوس، بلوچستان کی شاہراہیں نوگو ایریاز بن چکی ہیں، احمد خان

کوئٹہ(ویب نیوز)افغان قومی موومنٹ کے چیئرمین احمد خان نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک سیشن جج جیسے اعلیٰ سرکاری عہدیدار بھی محفوظ نہیں تو یہ صوبے میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان کی قومی شاہراہیں نوگو ایریاز میں تبدیل ہو چکی ہیں اور قانون کی عملداری نہ ہونے کے باعث نہ جج محفوظ ہیں اور نہ ہی عام شہری۔ احمد خان کے مطابق کوئٹہ سے کراچی تک سفر محاذِ جنگ کا منظر پیش کرتا ہے جبکہ مختلف مسلح گروہوں کی سرگرمیوں نے عوام میں عدم تحفظ پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی چیک پوسٹوں پر شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے کے بجائے ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی روک تھام پر توجہ دی جانی چاہیے۔ ان کا مزید دعویٰ تھا کہ قومی و بین الاقوامی شاہراہوں پر جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہیں اور بعض چیک پوسٹوں پر مبینہ رشوت ستانی بھی جاری ہے۔ انہوں نے ہنہ اوڑک، زیارت اور مستونگ کے حالیہ واقعات کو صوبے میں خراب امن و امان کی صورتحال کی عکاسی قرار دیتے ہوئے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی ہلاکت کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔