مقامی ۷ جون ۲۰۲۶

سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب حملے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دلخراش واقعے نے پورے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اپنے ایک جاری کردہ بیان میں انہوں نے پولیس کی فوری اور مثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اقدام کرتے ہوئے ملزم کے خلاف کارروائی کی، جو کہ انتہائی قابلِ تعریف ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے حکومت بلوچستان کی جانب سے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو فوری طور پر ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کر کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے فیصلے کو بروقت اور احسن اقدام قرار دیا اور حکومتی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ خواتین، بالخصوص ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو کام کی جگہوں پر مکمل تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور معاشرے میں خواتین پر ایسے بزدلانہ اور گھنانے واقعات کسی بھی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔