مقامی ۲۱ اگست ۲۰۲۶

سورگز میں مسلح افراد کی مبینہ ناکہ بندی، سردار شاہ زمان علیزئی بیٹے سمیت اغوا

مستونگ(ویب ڈیسک) سورگز کے علاقے میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مسلح افراد کی جانب سے مبینہ ناکہ بندی کے دوران علیزئی قبائل کے سربراہ سردار شاہ زمان خان علیزئی کو ان کے بیٹے اور ویگو گاڑی سمیت مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ روز تقریباً چار بجے اس وقت پیش آیا جب سردار شاہ زمان علیزئی مستونگ سے کوئٹہ جارہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسلح افراد نے سورگز کے مقام پر قومی شاہراہ پر ناکہ لگا رکھا تھا اور سردار شاہ زمان علیزئی، ان کے بیٹے اور گاڑی کو اپنے ساتھ لے گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سے سردار شاہ زمان علیزئی اور ان کے بیٹے کے موبائل فون بند ہیں اور تاحال ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہوسکا۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جارہی ہے جبکہ مزید معلومات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی کا انتظار کیا جارہا ہے۔