مقامی ۱۶ اگست ۲۰۲۶

سوراب واقعے کے خلاف بی این پی کا کوئٹہ میں احتجاج، خواتین اور بچوں کی ہلاکت کی مذمت

کوئٹہ (ویب نیوز)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کال پر بی این پی اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کوئٹہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں پارٹی کے مرکزی و ضلعی رہنماؤں، کارکنوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے سوراب میں فضائی کارروائی کے دوران خواتین اور معصوم بچوں سمیت شہریوں کی ہلاکت اور بی این پی سربراہ سردار اختر جان مینگل کے منیجر حاجی رجب اور گارڈ احمد کے لاپتہ ہونے کے خلاف احتجاج کیا۔ مقررین نے کہا کہ بی این پی معصوم بچوں اور خواتین کی ہلاکت پر خاموش نہیں رہے گی اور بلوچستان میں جاری واقعات پر تمام سیاسی جماعتوں کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ اب متحد ہونے کا وقت آگیا ہے، اگر اب بھی خاموشی اختیار کی گئی تو حالات مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ سوراب واقعے کی شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں جبکہ لاپتہ افراد کو فوری طور پر منظرعام پر لایا جائے۔