مقامی ۷ جون ۲۰۲۶

سنڈیمن ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ انسانیت سوز اور بزدلانہ ہے، نیشنل پارٹی کی شدید مذ مت

کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں سنڈیمن ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انسانیت سوز اور بزدلانہ فعل نہ صرف ایک فرد پر حملہ ہے بلکہ مجموعی طور پر خواتین کے خلاف موجود منفی سماجی رویوں اور عدم تحفظ کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ خواتین آج بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران خطرات اور عدم تحفظ کا سامنا کر رہی ہیں؛ خصوصا صحت، تعلیم اور دیگر عوامی خدمات کے شعبوں سے وابستہ خواتین کو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین اور بنیادی ذمہ داری ہے۔ترجمان نے اپنے بیان میں ملزم کی ہلاکت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث شخص کی پولیس مقابلے میں ہلاکت بھی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس پورے سانحے کے تمام پہلوں اور اصل محرکات کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے آسکیں اور اگر اس واقعے کے پیچھے کسی اور فرد یا گروہ کا کردار موجود ہے تو اس کی بھی نشاندہی ہو سکے۔ نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، جبکہ انہوں نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔