کوئٹہ (ویب نیوز) سریاب روڈ، کلی کمالو، بیڈا، رند چوک اور ملحقہ علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور شدید گرمی و حبس میں بجلی کی مسلسل بندش کے باعث لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل اور غیر یقینی بندش گھریلو زندگی، کاروبار اور روزمرہ امور میں بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔ ان کے مطابق ایک گھنٹے بجلی آنے کے بعد دوبارہ تقریباً ایک گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے، جس کے باعث شدید گرمی میں شہری سخت اذیت کا شکار ہیں۔ بجلی کی بار بار بندش سے طلبہ کی تعلیم، دکانداروں کا کاروبار اور گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں جبکہ بجلی بند ہونے کے دوران مکھیوں اور مچھروں کی بہتات نے بھی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بالخصوص رات کے وقت مسلسل بجلی بند ہونے سے بچے، بزرگ اور خواتین شدید پریشانی کا سامنا کرتے ہیں، جبکہ مچھروں کی افزائش کے باعث ملیریا اور دیگر مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔ علاقہ مکینوں نے کیسکو حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سریاب روڈ، کلی کمالو، بیڈا، رند چوک اور ملحقہ علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، بالخصوص رات کے طویل اور غیر ضروری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کرکے بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ شدید گرمی میں بجلی کی مسلسل بندش کسی عذاب سے کم نہیں، اس لیے حکومت اور متعلقہ ادارے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کریں۔
