مقامی ۱۵ مئی ۲۰۲۶

سردار ظفر بازئی کے اغوا کے خلاف بی اے مال کے سامنے احتجاج، ایئرپورٹ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ پر بی اے مال کے سامنے بازئی قبیلہ اور مغوی کے اہل خانہ کی جانب سے سردار ظفر بازئی کے مبینہ اغوا کے خلاف شدید احتجاج کیا جا رہا ہے، جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہید سردار سلام بازئی اور سردار نسیم بازئی کے بھائی سردار ظفر بازئی کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے، جس پر قبیلے کے افراد مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے۔احتجاج کے باعث ایئرپورٹ روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ سردار ظفر بازئی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور اغوا میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بازئی قبیلے کے معززین نے واضح کیا ہے کہ جب تک مغوی کی بحفاظت واپسی یقینی نہیں بنائی جاتی، احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔ پولیس اور انتظامیہ کے حکام مظاہرین سے مذاکرات اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر تاحال ٹریفک بلاک ہے۔