کوئٹہ(ویب نیوز)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کوئٹہ، چمن کی مرکزی شاہراہ پر سرانان کے مقام پر پولیس اسٹیشن کو دھماکوں سے تباہ کرنے کے واقعے کو جنوبی پشتونخوا کے بیشتر علاقوں میں طویل عرصے سے جاری بدامنی اور دہشت گردی کا تسلسل قرار دیتے ہوئے حکومت کے مبینہ پشتون دشمن طرزِ عمل کی مذمت کی گئی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتون علاقوں میں جاری بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات سے واضح ہوگیا ہے کہ صوبائی و وفاقی حکومتیں اور امن و امان قائم کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال اور سرکاری اداروں کے تحفظ کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، ہرنائی، زیارت، دکی، لورالائی، کوئٹہ کے ہنہ اوڑک اور دیگر علاقوں میں دہشت گردانہ واقعات، کوئلہ مزدوروں کی ہلاکتوں، کوئلہ ٹرکوں کو جلانے، نہتے شہریوں اور سرکاری ملازمین کی ہلاکتوں، تعمیراتی مشینری کو نذرِ آتش کرنے اور سڑکوں، پلوں اور آبپاشی ڈیموں کو دھماکوں سے نقصان پہنچانے کے بعد سرانان جیسے مرکزی مقام پر پولیس اسٹیشن اور سرکاری عمارتوں کو دن دہاڑے تباہ کرنے کے واقعات نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک بنا دیا ہے، بیان میں کہا گیا کہ ان کارروائیوں کا ارتکاب کسی بھی تنظیم یا گروہ نے کیا ہو، عوام اور سرکاری املاک کے تحفظ کی بنیادی ذمہ داری ریاست، صوبائی و وفاقی حکومتوں اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے، پارٹی نے پشتونخوا وطن کے عوام اور قومی و جمہوری سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد و اتفاق کے ذریعے عوام کی جان و مال، امن و امان اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد، منظم اور متحرک ہوں اور مشترکہ جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔
