مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

سرانان تھانے پر حملے کا مقدمہ درج، سی ٹی ڈی نے تحقیقات شروع کر دیں

کوئٹہ(ویب نیوز) پشین کے علاقے سرانان میں پولیس تھانے پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مقدمہ دہشت گردی، ڈکیتی، ایکسپلوزیو ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے باضابطہ طور پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تھانے کی عمارت، سرکاری ریکارڈ، اسلحہ، گاڑیوں اور دیگر سامان کو پہنچنے والے نقصان اور لاپتہ ہونے والی اشیا کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق 20 اگست کو ایک کالعدم مسلح گروہ کے افراد نے دھماکا خیز مواد کے ذریعے سرانان تھانے کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا تھا، تاہم تاحال واقعے میں ملوث کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔