مقامی ۲۱ اگست ۲۰۲۶

ساکران میں کھلی کچہری، شہریوں نے بنیادی مسائل کی طویل فہرست پیش کردی

ساکران(ویب ڈیسک)بوائز ہائی اسکول ساکران میں حب کے ڈپٹی کمشنر جمعہ خان مندوخیل کی زیر صدارت کھلی کچہری منعقد ہوئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے بنیادی مسائل سے متعلق حکام کو آگاہ کیا۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر، رینجرز حکام، ساکران کے ایس ایچ او، محکمہ صحت کے افسران، چیف آفیسر، کے الیکٹرک حکام، ضلع کے وائس چیئرمین، صحافیوں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ساکران میں صحت، تعلیم، روزگار، پانی، بجلی، گیس، نکاسی آب، سڑکوں اور کھیلوں سمیت بنیادی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں اٹک کمپنی سمیت مختلف صنعتی ادارے موجود ہیں لیکن مقامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں ترجیح نہیں دی جاتی اور سندھ و پنجاب سے افراد کو بھرتی کیا جاتا ہے، اس لیے مقامی نوجوانوں کو ملازمتوں میں ترجیح دی جائے۔ شرکا نے ڈگری کالج، ٹراما سینٹر، مکمل اسپتال اور ہنگامی صورتحال میں ایمبولینس کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ لسبیلہ کینال کی خستہ حالی کا مسئلہ بھی اٹھایا گیا اور شہریوں نے گزشتہ برسوں میں کینال کی بحالی کے لیے مختص فنڈز کے استعمال کی تحقیقات اور کینال کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا۔ پانی کی قلت کے باعث متعلقہ دیہات میں سرکاری ٹیوب ویل لگانے، نکاسی آب کی لائنیں بچھانے، ٹف ٹائل اور دیگر ترقیاتی کام فوری شروع کرنے کی درخواست بھی کی گئی۔ شہریوں نے کہا کہ ساکران کے نوجوان فٹبال اور دیگر کھیلوں میں صلاحیت رکھتے ہیں لیکن مناسب گراؤنڈ نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے اسپورٹس گراؤنڈ تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے ساکران کے لیے لوکل کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے حب چوکی جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ تعلیم کے حوالے سے شہریوں نے بتایا کہ متعدد سرکاری اسکولوں کی عمارتیں اور چھتیں خستہ حال ہیں جبکہ بعض اسکولوں میں کمروں کی کمی کے باعث بچے درختوں کے نیچے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، اس لیے پانچ اضافی کلاس رومز تعمیر کرنے اور اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت کا مطالبہ کیا گیا۔ شہریوں نے بجلی کی کم فراہمی، لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بلوں میں مبینہ اضافے کی شکایات بھی پیش کیں اور اٹک کمپنی سے ملحقہ علاقوں تک گیس پائپ لائن بچھانے کا مطالبہ کیا۔ حب کے ڈپٹی کمشنر جمعہ خان مندوخیل نے متعلقہ اداروں کو شہریوں کے مسائل کے حل اور ضروری اقدامات شروع کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا اور سرکاری اداروں کے ذریعے انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو اپنے مسائل براہِ راست ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے حل کے لیے بروقت اقدامات کیے جاسکیں۔