مقامی ۸ جولائی ۲۰۲۶

سانحہ ہنہ اوڑک: جے یو آئی رہنماؤں کی دھرنے میں شرکت، شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی

کوئٹہ (ویب نیوز): جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس اور دیگر رہنماؤں نے ہنہ اوڑک سانحے کے متاثرین کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے اور حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے زیارت کے علاقے کچھ مانگی میں لیویز اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے، مغوی اہلکاروں کی بازیابی اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔