مقامی ۷ جون ۲۰۲۶

دکی کی مقامی کوئلہ کان میں کرنٹ لگنے سے افغان کانکن جاں بحق، لاش ہسپتال منتقل

دکی(ویب نیوز)دکی کے علاقے میں واقع ایک مقامی کوئلہ کان میں کام کے دوران بجلی کا شدید کرنٹ لگنے سے ایک بدقسمت کانکن موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق، افسوسناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی لاش کو فوری طور پر سول ہسپتال دکی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ضروری طبی و قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت کو سوگوار ورثا کے حوالے کر دیا۔ہسپتال ذرائع نے جاں بحق ہونے والے کانکن کی تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ متوفی کی شناخت تاج محمد ولد باز محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو پڑوسی ملک افغانستان کا رہائشی تھا اور یہاں کوئلہ کان میں مزدوری کے لیے مقیم تھا۔ کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات کے فقدان کے باعث پیش آنے والے اس ناگہانی واقعے کے بعد علاقے اور مزدور برادری میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ آخری اطلاعات تک متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے تھے۔