دُکی(ویب نیوز) دُکی کے علاقے نصیرآباد میں کوئلے کی ایک بند کان میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث دو کان کن جاں بحق جبکہ چار دیگر بے ہوش ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کان کن کوئلے کی بند کان میں داخل ہوئے تھے کہ زہریلی گیس بھرنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ کان کنوں کو فوری طور پر دُکی ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں سید امین کا بیٹا محبت اللہ، خروٹی قوم سے تعلق رکھنے والا اور خانوزئی کا رہائشی، جبکہ محمد آہو اوشخیل کا بیٹا روزی محمد، نصیرآباد کا رہائشی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں جاں بحق کان کنوں کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔
