مقامی ۱۴ اگست ۲۰۲۶

دلسورہ میں قومی شاہراہ بلاک، زمینداروں کا افغان مزدوروں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج

دلسورہ (ویب نیوز) دلسورہ کے زمیندار یعقوب خان بازئی نے افغان مہاجرین اور کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے خلاف کارروائیوں اور گرفتاریوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے دلسورہ کے مقام پر قومی شاہراہ کو بلاک کردیا۔ یعقوب خان بازئی نے کہا کہ اس وقت زمینداری کا اہم سیزن جاری ہے، تاہم پولیس مبینہ طور پر بار بار کھیتوں میں آکر مزدوروں کو گرفتار کررہی ہے اور بعض مزدوروں پر تشدد کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے متعدد بار اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا اور یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں، لیکن اس کے باوجود پولیس صبح سویرے کھیتوں میں پہنچ کر مزدوروں کو گرفتار کررہی ہے۔ مظاہرین اور زمینداروں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور زمینداروں کو درپیش مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جائے۔