مقامی ۱۶ اگست ۲۰۲۶

دشت میں مسلح افراد کی ناکہ بندی، گاڑیوں کی تلاشی، تین گھنٹے سڑک بند رہی

دشت (ویب نیوز) دشت کے علاقے میں تولگی روڈ سے سی پیک شاہراہ کی جانب جانے والی سڑک پر نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر ناکہ بندی کرکے گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی۔ مقامی ذرائع کے مطابق ناکہ بندی میں مسلح افراد کے ساتھ خواتین بھی شامل تھیں، جو راستے سے گزرنے والی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لے رہی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی شام تقریباً 4 بجے شروع ہوئی اور 7 بجے تک جاری رہی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی۔ واقعے کے حوالے سے تاحال مزید تفصیلات اور مسلح افراد کی شناخت سامنے نہیں آئی جبکہ متعلقہ حکام نے بھی واقعے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔