اسلام آباد(ویب نیوز) کراچی سے تعلق رکھنے والی ابھرتی ہوئی ریپر، ڈانسر اور کوریوگرافر دانیہ کنول کو اسپاٹی فائی نے 2026 کی تیسری سہ ماہی کے لیے ایکوئل پاکستان کی سفیر مقرر کردیا ہے۔ 26 ستمبر کو نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں اسپاٹی فائی کے بل بورڈ پر دانیہ کنول کو نمایاں کیا گیا جبکہ ان کے گانے اسپاٹی فائی کی متعدد پلے لسٹس میں بھی شامل کیے گئے ہیں۔ دانیہ کنول کی موسیقی میں جنوبی ایشیائی رنگ، مشاہداتی شاعری اور شناخت، آزادی، خواتین کے تجربات اور سماجی موضوعات نمایاں ہیں۔ ان کا منتخب گانا ’’مائیک چیک‘‘ ان کے پہلے البم ’’کنول‘‘ کا حصہ ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اسپاٹی فائی پر ان کے گانے سننے والوں میں 3,470 فیصد سے زائد جبکہ اسٹریمز میں 6,920 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ دانیہ کنول نے 2022 میں پاکستان کی پہلی خاتون قومی بریکنگ چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا اور رواں سال ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے گانے ’’کھیلیں گے بیٹ پہ‘‘ میں بھی پرفارم کیا۔ ان کی موسیقی پاکستان کے علاوہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات میں بھی سنی جارہی ہے۔
