مقامی ۷ ستمبر ۲۰۲۶

ختمِ نبوت کا عقیدہ مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی حصہ، تحفظ کے لیے ہر قربانی دیں گے: علما

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام حلقہ 20 شالدرہ یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان ختمِ نبوت کانفرنس سے جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، عالمی مجلس تحفظ ختمِ نبوت کے صوبائی امیر مولانا مفتی محمد احمد، ضلعی نائب امیر مولانا محمد ایوب، مفتی عطا الرحمن اور مولوی نقیب اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی اور اساسی حصہ ہے، امتِ مسلمہ نے اس عقیدے کے تحفظ کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں قادیانی لابی کی جانب سے آئین و قانون کی خلاف ورزی اور عقیدہ ختمِ نبوت کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے کی ہر کوشش کو آئین و قانون کے دائرے میں ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مفکرِ اسلام حضرت مولانا مفتی محمودؒ کی علمی، دینی اور سیاسی بصیرت نے پاکستان میں عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کی جدوجہد کو مضبوط بنیاد فراہم کی، جبکہ قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کے تاریخی آئینی فیصلے میں ان کی سیاسی و پارلیمانی جدوجہد کا اہم کردار تھا۔ مقررین کے مطابق حضرت مفتی محمودؒ نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور تحفظ ختمِ نبوت کو اپنی دینی و سیاسی جدوجہد کا اہم مقصد بنایا، ان کی خدمات تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو عقیدہ ختمِ نبوت کی اہمیت، اس کی آئینی حیثیت اور اس کے تحفظ کے لیے بزرگوں کی قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ علما، دینی مدارس، سیاسی کارکنان اور باشعور عوام کو مل کر قادیانی لابی کی مبینہ گمراہ کن سرگرمیوں کا علمی اور آئینی مقابلہ کرنا چاہیے۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے آئین میں موجود اسلامی دفعات اور عقیدہ ختمِ نبوت سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی فرد یا گروہ کو آئین و قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دی جائے۔ کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عقیدہ ختمِ نبوت، اسلامی تشخص اور پاکستان کے آئین کی بالادستی کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھیں گے۔