مقامی ۲۲ مئی ۲۰۲۶

خانوزئی میں پولیس کارروائی، اسلحہ کے زور پر یرغمال بنائے گئے خواتین و بچے بازیاب

پشین (صداقت نیوز) خانوزئی میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنائی گئی خواتین اور بچوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب حبیب اللہ نامی شخص نے تھانہ خانوزئی کو اطلاع دی کہ اس کا بھائی نصیب اللہ ولد عبدالغفار، سکنہ صالحزئی، نے گھریلو تنازع کے دوران اپنی بیوی، بچوں اور دیگر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنا کر اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا رکھا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر روانہ ہوئی۔ڈی ایس پی خانوزئی کی نگرانی میں ایڈیشنل ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کروایا۔ کارروائی کے دوران ملزم نصیب اللہ نے فائرنگ کی، جس کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زین الدین زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی ضلعی پولیس افسر پشین پی ایس پی نوید عالم کی خصوصی ہدایت پر کی گئی۔ واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔