مقامی ۷ جون ۲۰۲۶

خاتون ڈاکٹر پر تیزاب گردی کے معاملے پر شدید ہنگامہ آرائی، ڈی آئی جی کوئٹہ اور سیکریٹری صحت کو پریس کانفرنس سے روک دیا گیا

کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)کوئٹہ کے سول ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے اور ہسپتال کے احاطے میں شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، معاون خصوصی برائے وزیراعلی بلوچستان اور سیکریٹری صحت واقعے کے حوالے سے سول ہسپتال میں پریس کانفرنس کرنے پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(وائی ڈی اے) کے مشتعل ڈاکٹروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا اور ہسپتال میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین نے حکومت اور محکمہ صحت کی انتظامیہ کے خلاف سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری صحت بلوچستان کو عہدے سے فوری برطرف کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ ہنگامہ آرائی اس وقت مزید بڑھ گئی جب ینگ ڈاکٹرز کے اراکین نے پولیس حکام، وزیراعلی کے معاون اور سیکریٹری صحت کی گاڑیوں کا گھیرا کر لیا اور انہیں ہسپتال سے نکلنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران بعض مشتعل ڈاکٹروں کی جانب سے سیکریٹری صحت بلوچستان کی گاڑی پر پتھرا بھی کیا گیا، جس سے ہسپتال کے اندر امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہوگئی اور سیکیورٹی فورسز کو حکام کو بحفاظت نکالنے کے لیے سخت جدوجہد کرنا پڑی۔