کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خاتون ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک اور انسانیت سوز واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی، وحشیانہ اور اخلاقی اقدار کے منافی عمل قرار دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کی جانب سے قائم احتجاجی کیمپ کا دورہ کرنے اور خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور ضلع معاون سیکریٹری اکبر کلیوال، اجمل خان، ملک سمیع اللہ، سیف اللہ اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے طبی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والا بہیمانہ حملہ صرف ایک فرد پر نہیں بلکہ پورے طبی شعبے اور خواتین کے وقار پر حملہ ہے، جس سے خواتین میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اگر سرکاری ہسپتال کے اندر بھی خاتون ڈاکٹر محفوظ نہیں تو عام شہریوں کے تحفظ کے دعوے سوالیہ نشان بن جاتے ہیں۔ انہوں نے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں جدید سیکیورٹی نظام متعارف کرایا جائے، اور واقعے کی فوری و شفاف تحقیقات کر کے ملوث درندوں کو گرفتار کیا جائے تاکہ انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جا سکے۔
