کوئٹہ (اے این این) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر بالخصوص کوئٹہ شہر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نام پر حکومت کی نااہلی، غفلت اور دوغلی پالیسی نے عوام اور تاجر برادری کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عید کے قریب کاروبار بند کر کے لاکھوں خاندانوں کا روزگار چھینا جا رہا ہے۔ کفایت شعاری کے نام پر عوام پر مہنگائی، ٹیکسوں اور پابندیوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے مگر دوسری جانب سرکاری سطح پر لوٹ مار، کرپشن اور شاہ خرچیاں بدستور جاری ہیں۔ غریب دکاندار اور چھوٹے تاجر فاقوں پر مجبور ہیں جبکہ حکومت محض نمائشی اقدامات اور دعوؤں میں مصروف ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث عیدالاضحی کے موقع پر کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیںبلکہ معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ تاجر برادری، دکانداروں اور عام شہریوں کو خرید و فروخت، آمد و رفت اور روزمرہ ضروریات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بازاروں کی محدود بندش اور اوقاتِ کار میں کمی نے چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد کے معاشی مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب اور سندھ میں بھی سمارٹ لاک ڈائون ختم کرتے ہوئے تاجروں ، ہوٹلز ، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، دکاندوں اور ہر مکتبہ فکر کے عوام کو ریلیف دیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سمارٹ لاک ٹائون کے نام پر پولیس اور انتظامیہ عوام کی خدمت کے بجائے رشوت خوری اور بھتہ خوری میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔ مختلف علاقوں میں پسند و ناپسند کی بنیاد پر لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔ کہیں مخصوص کاروباروں کو کھلی چھوٹ دی جاتی ہے اور کہیں چھوٹے دکانداروں کو زبردستی ہراساں کیا جاتا ہے یہ کھلی ناانصافی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔جس کا حکومتی سطح پر کوئی نوتس نہیں لیا گیا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فوری طور پر عوام، تاجروں اور محنت کش طبقے کے مسائل حل کرے ، بلاجواز پابندیاں ختم کرکے ہر ضلع میں ضلعی انتظامیہ کی زیادتیوں کا نوٹس لیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سمارٹ لاک ڈائون کو فوری طور پر تمام صوبے میں ختم کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی لوٹ مار کا نوٹس لیکر عوام اور تاجروں کے مشکلات کا خاتمہ کیا جائے۔
