مقامی ۱۲ جون ۲۰۲۶

حکومت امن و امان کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (ویب نیوز)گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے جاری ہیں۔ کوئٹہ میں منعقدہ “دختران بلوچستان ایوارڈ” تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے احتجاج اور حالیہ بدامنی کے واقعات کا نوٹس لیا ہے اور صورتحال بہتر بنانے کے لیے سینئر سیاسی رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، خصوصاً ڈاکٹرز، معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور حکومت بلوچستان خواتین کو بااختیار اور باوقار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی 11 پبلک سیکٹر جامعات میں طالبات کی کارکردگی طلبہ سے بہتر ہے اور یہ ایک مثبت رجحان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں اور روزگار کے مواقع کو ترجیح دی جائے گی جبکہ سرکاری ملازمین کو وفاقی حکومت کے تعاون سے ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر ماہ نور پر حملے کی شدید مذمت بھی کی اور کہا کہ پولیس نے فوری کارروائی کی ہے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ابوالحسن نے بھی خطاب کرتے ہوئے خواتین کے کردار اور ایران و بلوچستان کے درمیان بڑھتے ہوئے ثقافتی و معاشی تعلقات پر روشنی ڈالی۔