مقامی ۹ جولائی ۲۰۲۶

حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی، حکومت مذمتی بیانات تک محدود ہے، سیاسی و مذہبی رہنما

کو(ویب نیوز) سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات نے واضح کر دیا ہے کہ حکومتی رٹ کمزور دکھائی دے رہی ہے، جبکہ حکومت صرف مذمتی بیانات تک محدود ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور تمام متعلقہ ادارے ریاستی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور واقعات سے متعلق اصل حقائق قوم کے سامنے لائیں، بصورت دیگر حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ بات جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار ودان نے ہنہ اوڑک اور زیارت کے حالیہ واقعات پر اپنے ردعمل میں کہی۔ رہنماؤں نے ہنہ اوڑک اور زیارت میں جاری احتجاجی دھرنوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متاثرین کے جائز مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں اور عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر پالیسی مرتب کی جائے تاکہ عوام میں پائے جانے والے خدشات اور تحفظات کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کو دشمن قرار دیتی ہے تو پھر انہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عوام کو حقائق معلوم ہو سکیں۔ سیاسی رہنماؤں نے ہنہ اوڑک اور زیارت کے افسوسناک واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔