مقامی ۱۴ مئی ۲۰۲۶

حکمران امریکہ کی خوشنودی کے لیے افغانستان سے تعلقات خراب نہ کریں، جمیعت علما اسلام نظریاتی

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی و صوبائی قائدین بشمول امیر مولانا عبدالقادر لونی، سرپرست اعلی مولانا ڈاکٹر شمس الہدی اور مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین نے اپنے مشترکہ بیان میں حکومت کو خبردار کیا ہے کہ امریکہ کو خوش کرنے کے لیے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو دا پر نہ لگایا جائے۔ انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا منفی بیانیہ خطے میں حالات کو مزید بگاڑنے اور دوریاں پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے، جو کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔قائدین نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان عقیدے، تاریخ، ثقافت اور خونی رشتوں کے اٹوٹ تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، جنہیں ناعاقبت اندیش پالیسیوں کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی جے یو آئی نظریاتی بھرپور مذمت کرتی ہے، تاہم امن و ترقی کا واحد راستہ خود مختار خارجہ پالیسی اور پارلیمنٹ کے آزادانہ فیصلوں میں پنہاں ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ “فارم 47” کی حکومت عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے، اس لیے اسے چاہیے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرے تاکہ اسلام دشمن قوتیں اس صورتحال سے فائدہ نہ اٹھا سکیں۔