سبی(ویب ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور جماعت اہل سنت کے ناظم اعلیٰ الحاج صاحبزادہ پیر محمد خالد سلطان قادری نے کہا ہے کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی نورانیت اور نورانی تعلیمات آخرت میں ہم گناہگاروں کے لیے شفاعت کا وسیلہ بنیں گی، ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم آپ ﷺ کے امتی ہیں اور زندگی کی آخری سانس تک رسول اکرم ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت اسی جذبے کے ساتھ قائم رکھیں گے۔ عید میلادالنبی ﷺ کی تقریبات شایانِ شان انداز میں منعقد کرکے دنیا کو امن، محبت، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار 1501ویں عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں موٹرسائیکل ریلی، محافل نعت اور سیرت کانفرنسوں کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں موٹرسائیکل ریلی حق باہو بنگلہ فیض آباد سے روانہ ہوگی جبکہ محافل نعت اور سیرت کانفرنسوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ اجلاس میں جماعت الصالحین پاکستان انٹرنیشنل کے مرکزی سربراہ الحاج صاحبزادہ پیر سکندر سلطان قادری، جماعت الصالحین بلوچستان کے امیر الحاج صاحبزادہ پیر سلطان محمد حیات قادری، الحاج صاحبزادہ پیر تیمور سلطان، الحاج صاحبزادہ پیر سنی سلطان، خلیفہ حاجی نذیر احمد سلطانی، خلیفہ حاجی ذوالفقار علی سلطانی، سبی پریس کلب کے صدر حاجی سعیدالدین طارق اور ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے صوبائی صدر سید طاہر علی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت صاحبزادہ پیر سلطان محمد حیات قادری نے حاصل کی، جبکہ حاجی ذوالفقار علی قادری نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ اجلاس میں جماعت اہل سنت اور جماعت الصالحین پاکستان انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام موٹرسائیکل ریلیوں، میلاد ریلیوں، محافل نعت اور سیرت کانفرنسوں کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ مقررین نے کہا کہ عشقِ رسول ﷺ ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی کا راز ہے، اس لیے ہمیں اپنی زندگیوں کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالتے ہوئے معاشرے میں اخوت، محبت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ذکرِ مصطفیٰ ﷺ دنیا و آخرت میں خیر و برکت کا باعث ہے اور عوام سے اپیل کی کہ عید میلادالنبی ﷺ کی موٹرسائیکل ریلی میں بھرپور شرکت کریں اور سیرت کانفرنسوں، محافل نعت اور میلاد ریلیوں میں شریک ہوکر اپنے دلوں کو عشقِ رسول ﷺ کی روشنی سے منور کریں۔ آخر میں الحاج صاحبزادہ پیر محمد خالد سلطان قادری نے ملک و قوم کی خوشحالی، ترقی، کشمیر کی آزادی اور شہدائے وطن کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی، جس کے بعد عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ نے جوش و جذبے کے ساتھ نعتوں، درود و سلام اور محبتِ رسول ﷺ کے نعروں سے ماحول کو معطر کردیا۔
