مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

جیکب آباد میں 19 افغان شہریوں کو 10 تولے چاندی اور ایک لاکھ 40 ہزار روپے واپس کرنے کا معاملہ

جیکب آباد (ویب نیوز) جیکب آباد میں 19 افغان شہریوں سے ایکسائز پولیس کی جانب سے مبینہ رشوت لینے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جیکب آباد کے اسسٹنٹ کمشنر نوید احمد نے ایکسائز اہلکاروں سے 10 تولے چاندی اور ایک لاکھ 40 ہزار روپے نقد واپس حاصل کرکے افغان شہریوں کے حوالے کر دیے۔ اسسٹنٹ کمشنر نوید احمد نے کہا کہ افغان شہریوں سے مبینہ رشوت لینے کے الزام میں ایکسائز کے دو اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی صورت یہ برداشت نہیں کیا جائے گا کہ افغان شہریوں سے رشوت لے کر انہیں چھوڑ دیا جائے۔ ان کے مطابق واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل جیکب آباد کی سی آئی اے پولیس نے بلوچستان سے کراچی جانے والے 19 افغان شہریوں کو جیکب آباد بائی پاس سے گرفتار کیا تھا۔ افغان شہریوں نے اس وقت الزام عائد کیا تھا کہ اس سے قبل ایکسائز پولیس نے انہیں گرفتار کیا، ان سے 10 تولے چاندی اور ایک لاکھ 40 ہزار روپے لیے اور بعد ازاں انہیں چھوڑ دیا۔ معاملے کی تحقیقات کے بعد مذکورہ چاندی اور نقد رقم واپس حاصل کرکے افغان شہریوں کے حوالے کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایکسائز پولیس کے دو اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔