جیکب آباد (ویب نیوز) جیکب آباد میں سول لائن تھانے کی حدود میں پولیس کے سابق 15 مددگار انچارج محبوب علی جکھرانی کے گھر سے گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے۔ اطلاع ملنے پر سول لائن پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ مقتول پولیس اہلکار کے بھائی اقرار جکھرانی نے بتایا کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی، تاہم ان کے بھائی کو چار گولیاں ماری گئی ہیں۔ واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ جیکب آباد کے ایس ایس پی کیپٹن (ر) فیضان علی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ان کی سربراہی میں سٹی ڈی ایس پی، سی آئی اے انچارج، شاہین فورس انچارج، آئی ٹی انچارج، سول لائن تھانے کی پولیس، ٹیکنیکل ٹیم اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ ایس ایس پی نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے ابتدائی معلومات حاصل کیں۔ ٹیکنیکل ٹیم نے اہم شواہد محفوظ کر لیے ہیں جبکہ فنگر پرنٹس اور دیگر تکنیکی شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ اور گردونواح کا جائزہ لینے کے ساتھ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ایس ایس پی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات کی جائیں، تمام شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور واقعے میں ملوث افراد کی جلد شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
