کوئٹہ (ویب نیوز)جھل مگسی پولیس نے اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ سامان برآمد کر کے چار مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کوٹ مگسی کے علاقے میں 32 موری چیک پوسٹ پر کی گئی، جہاں دو مشکوک گاڑیوں نے رکنے کے اشارے کو نظر انداز کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اضافی نفری نے تعاقب کے بعد دونوں گاڑیوں کو روک کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں نان کسٹم پیڈ سگریٹ اور چھالیہ برآمد ہوئی، جسے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سامان اوستہ محمد سے سندھ اسمگل کیا جا رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں تک پہنچا جا سکے، جبکہ ضلع بھر میں اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔
