مقامی ۱۹ مئی ۲۰۲۶

جمہوریت کے لیے شہدا کی قربانیاں راہیگاں نہیں جائیگی، پشتونخوامیپ

کراچی ،کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) پشتونخواملی عوامی پارٹی سندھ کے زیر اہتمام سانحہ 12 مئی 2007 کے شہدا کی یاد میں ایک عظیم الشان تعزیتی سیمینار مرکزی سیکرٹری نذیر جان لالا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی قیادت، ضلعی صدور، علاقائی و ابتدائی یونٹس کے ذمہ داران اور کراچی کے تمام اضلاع سے بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ سیمینار میں شہید مہتاب آفریدی سمیت سانحہ 12 مئی کے تمام شہدا کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی قومی، جمہوری اور آئینی جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 12 مئی 2007 کراچی اور ملک کی سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ ترین، خونی اور المناک دن تھا، جب آمریت کے سائے تلے جمہوریت، آزاد عدلیہ، آئین کی بالادستی، قومی برابری اور انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے والوں کو ریاستی سرپرستی میں بدترین تشدد، دہشت اور خونریزی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دن نہ صرف کراچی کی سڑکیں خون سے رنگین کی گئیں بلکہ پورے ملک میں خوف، جبر اور آمریت کا پیغام دینے کی کوشش کی گئی۔مقررین نے کہا کہ سانحہ 12 مئی کے شہدا دراصل پشتون، مظلوم اقوام، جمہوریت پسند قوتوں اور محکوم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے تھے۔ ان شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا کہ ظلم، جبر، آمریت اور ریاستی دہشت گردی کے سامنے سر جھکانے کے بجائے مزاحمت اور جدوجہد ہی قومی وقار اور بقا کی ضمانت ہے۔ شہدا کا خون آج بھی اس ملک میں انصاف، جمہوریت، قومی برابری اور آئینی حکمرانی کی جدوجہد کو نئی قوت اور توانائی فراہم کر رہا ہے۔سیمینار میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سانحہ 12 مئی کو گزرے برسوں بیت گئے لیکن آج تک اس قتلِ عام میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا۔ مقررین نے کہا کہ طاقتور قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو تحفظ فراہم کرنا اس ملک کے عدالتی، سیاسی اور انتظامی نظام پر ایک بدنما داغ ہے۔ اگر ملک میں حقیقی جمہوریت، انصاف اور آئین کی حکمرانی قائم کرنی ہے تو سانحہ 12 مئی کے مجرموں کو بے نقاب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دینا ہوگی۔سیمینار میں قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ 12 مئی کی شفاف، غیر جانبدار اور آزادانہ تحقیقات کی جائیں، اس خونریز واقعے میں ملوث تمام کرداروں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے، کراچی سمیت پشتون آبادیوں کو درپیش مسائل خصوصا پانی، بجلی، تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان، جبری گرفتاریوں اور پولیس و انتظامی زیادتیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی شہدا کے فکر و فلسفے، قومی حقوق، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور مظلوم عوام کی نجات کی جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی بلکہ ہر قسم کے جبر، آمریت، ناانصافی اور قومی استحصال کے خلاف اپنی سیاسی، جمہوری اور انقلابی جدوجہد مزید تیز کرے گی۔سیمینار کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی صحت یابی، ملک میں جمہوریت کے استحکام اور محکوم اقوام کے قومی حقوق کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔