مقامی ۱۵ اگست ۲۰۲۶

جمعیت نظریاتی کا سوراب گدر گندان واقعے پر تشویش، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

کوئٹہ(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی امیر مولانا عبدالقادر لونی، مرکزی کنوینر مفتی شفیع الدین، مرکزی نائب امیر مولانا عبدالروف اور دیگر رہنماؤں نے سوراب کے علاقے گدر گندان میں پیش آنے والے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن آبادیوں، عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا انسانی، اخلاقی اور قانونی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار افراد کا تعین کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے مسائل طاقت اور مسلسل آپریشنز سے حل نہیں ہوں گے بلکہ ایسے اقدامات سے عوام اور ریاست کے درمیان فاصلے بڑھتے ہیں۔ رہنماؤں نے زور دیا کہ جنگ اور تنازعات میں بھی عام شہریوں، خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ واقعے کے حقائق سامنے لائے جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔