کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری اور بلوچستان صوبائی اسمبلی کے سابق اسپیکر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جمعیت ایک فکری، دینی اور جمہوری جدوجہد ہے، جو لسانی، علاقائی، قبائلی اور مذہبی تعصبات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت، دین کی اشاعت و تبلیغ کے ساتھ ساتھ سیاسی میدان میں بھی اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور اسلام کی سربلندی کے لیے جدوجہد جمعیت کے منشور کا اہم حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ سیاست نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم اور ان کا استحصال کیا ہے، اس لیے ملک اور قوم کو روایتی، اسلامی، قومی، مخلص، باکردار، دیانتدار اور شرافت و امانت پر مبنی سیاست کی ضرورت ہے۔ ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ جمعیت کی رکنیت سازی کے عمل میں عوام بھرپور شرکت کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ رواں سال جمعیت کی تاریخ کی سب سے بڑی رکنیت سازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی کا مقصد اکابرین کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے نئے عہد کی تجدید اور نئے، مخلص کارکنوں کو جماعت کا حصہ بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت کے دروازے مخلص، باکردار اور مسلمانوں کے لیے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت عوام کی آخری امید بن چکی ہے اور ان شاء اللہ عوام نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ جمعیت کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
