مقامی ۱۹ مئی ۲۰۲۶

تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، سی ٹی ڈی اہلکار جاں بحق

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تربت کے علاقے ملک آباد میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے سی ٹی ڈی اہلکار کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔تربت پولیس کے اہلکار عامر بلوچ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق اہلکار کی شناخت شبیر احمد آسکانی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سینیچر کے روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک لیڈی پولیس کانسٹیبل کو قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔