تربت (ویب نیوز) تربت بازار کے مرکزی چوک کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ راہگیر زخمی ہوگئے جبکہ متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ایک دکان کے سامنے کھڑی موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے ہوا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت وہاں سے ایف سی کی ایک گاڑی بھی گزر رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں چار دکانیں بری طرح متاثر ہوئیں جبکہ قریب واقع آٹھ دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ زخمی ہونے والے پانچ افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔ ایس پی کیچ زوہیب محسن بلوچ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ انجمن تاجران تربت کے عہدیداروں نے بھی متاثرہ دکانوں اور نقصانات کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں ڈی آئی جی پولیس عمران قریشی نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور تاجروں و دکانداروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی نوعیت اور نقصانات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
